Tuesday, 14 January 2025

غم انساں کی سجائی ہوئی دنیا ہوں میں

 غم انساں کی سجائی ہوئی دنیا ہوں میں

انجمن میرے تصور میں ہے تنہا ہوں میں

تپش و درد کے اسرار سے واقف ہوں مگر

مجھ کو یہ زعم نہیں ہے کہ مسیحا ہوں میں

جانے کیا شے مرے سینے میں بھری ہے ایسی

شمع سوزاں کی طرح جلتا پگھلتا ہوں میں

نہ کشش ہوں میں زمیں کی نہ ہوں پانی کا اچھال

ذرہ اڑتا ہوا بہتا ہوا دریا ہوں میں

روز پیغام محبت مجھے دیتی ہے حیات

راہ دشوار سے آسودہ گزرتا ہوں میں

چارہ سازی غم انساں کی ہے بنیاد عمل

زندگی ہے یہی جس کے لیے جیتا ہوں میں

پیرویٔ ہوس خام نہ ہو گی مجھ سے

مقصد ضابطۂ عشق سمجھتا ہوں میں

عصر حاضر کے نمائندہ ہیں میرے اشعار

غم انساں کو تغزل میں سموتا ہوں میں

جذبۂ خدمت انساں ہے متین آب حیات

شکر صد شکر اے احساس کہ اچھا ہوں میں


متین نیازی

No comments:

Post a Comment