Thursday, 8 December 2016

کوئی تنہائی کا احساس دلاتا ہے مجھے

کوئی تنہائی کا احساس دلاتا ہے مجھے
میں بہت دور ہوں نزدیک بلاتا ہے مجھے
میں نے محسوس کِیا شہر کے ہنگامے میں
کوئی صحرا میں ہے، صحرا میں بلاتا ہے مجھے
اے مکینِ دل و جاں! میں تیرا سناٹا ہوں
میں عمارت ہوں تِری کس لیے ڈھاتا ہے مجھے
اے میرے حالِ پریشاں! کے نگہ دار یہ کیا
کس قدر دور سے آئینہ دکھاتا ہے مجھے
تُو کہاں ہے کہ تِری زلف کا سایہ سایہ
ہر گھنی چھاؤں میں لے جا کے بٹھاتا ہے مجھے
رحم کر میں تِری مژگاں پہ ہوں آنسو کی طرح
کس قیامت کی بلندی سے گِراتا ہے مجھے
شاؔذ اب کون سی تحریر کو تقدیر کہوں
کوئی لکھتا ہے مجھے، کوئی مٹاتا ہے مجھے

شاذ تمکنت

No comments:

Post a Comment