Thursday, 8 December 2016

موسم کی طرح رنگ بدلتا بھی بہت ہے

موسم کی طرح رنگ بدلتا بھی بہت ہے
ہمزاد مِرا قلب کا سادہ بھی بہت ہے
نفرت بھی محبت کی طرح کرتا ہے مجھ سے
وہ پیار بھی کرتا ہے، رلاتا بھی بہت ہے
وہ شخص بچھڑتا ہے تو برسوں نہیں ملتا
ملتا ہے تو پھر ٹوٹ کے ملتا بھی بہت ہے
خوشحال ہے مزدور بہت عہدِ رواں کا
ماتھے پہ مگر اس کے پسینہ بھی بہت ہے
برسا ہے سرِ دشتِ طلب ابر بھی کھل کر
سناٹا مِری روح میں گونجا بھی بہت ہے
تم یوں ہی شریک غم ہستی نہیں ٹھہرے
سچ بات تو یہ ہے تمہیں چاہا بھی بہت ہے
اٹھتی ہی نہیں آنکھ حیا سے کبھی اوپر
دوپٹہ مگر سر سے ڈھلکتا بھی بہت ہے
ہر دکھ کو تبسم میں اڑا دیتا ہے احمدؔ
بچوں کی طرح پھوٹ کے روتا بھی بہت ہے

سید آل احمد

No comments:

Post a Comment