Saturday, 24 December 2016

منظوم سیرت خلفائے راشدین

عارفانہ کلام منقبت سلام
اقتباس از منظوم سیرت خلفائے راشدینؓ

بیان بر ابوبکر صدیقؓ
وہ ہجرت کی اندھیری رات وہ خطرات کا منظر
وہ چاروں سمت سے سرکارﷺ پر آفات کا منظر
محمد مصطفےٰﷺ پر کافروں کی گھات کا منظر
قیامت بن گیا تھا دین پر اس رات کا منظر
مگر اس رات میں بھی ہمسفر صدیق اکبرؓ تھے
وہاں بھی دیکھیے تو معتبر صدیق اکبرؓ تھے

بیان بر عمر فاروقؓ
وہ خلیفہ بھی، مردِ قلندر بھی تھے
حاکمِ وقت بھی، دیں کے رپبر بھی تھے
خود ہی خادم بھی، عالم بھی، افسر بھی تھے
سب سے برتر بھی، سب کے برابر بھی تھے
گفتگو ان کی سرکارﷺ کی بات تھی
ان کے سینے میں روحِ مساوات تھی

بیان بر عثمان غنیؓ
سوچو کہ اسی شخص پہ پانی بھی ہوا بند
چالیس دنوں گھر میں وہی شخص رہا بند
روزے کا بھی عادی تھام عبادت کا تھا پابند
بے پانی پیئے اس کا درِ زیست ہوا بند
جس شخص نے پانی کا کنواں عام کیا تھا
لوگوں کے لیے آبِ رواں عام کیا تھا

بیان بر علیؓ شیر خدا
مشیرِ خاصِ بو بکرؓ و عمرؓ شیرِ خداؓ ہی تھے
غنیؓ کے عہد میں بھی معتبر شیرِ خداؓ ہی تھے
کوئی محفل ہو لیکن با اثر شیرِ خداؓ ہی تھے
ہر اک غم بھول کر شیر و شکر شیرِ خداؓ ہی تھے
علی کے درس کی تمثیل مل پائے، یہ ناممکن
کہ روشن اس قدر قندیل مل پائے، ناممکن

انور جلال پوری

No comments:

Post a Comment