Thursday, 22 December 2016

افلاس سے تھا سیدہ پاک کا یہ حال

 آقائے دو جہاں کی خدمتِ مسافران اور سیدہ فاطمۃ الزہرہ کی مشقت کا احوال


افلاس سے تھا سیدۂ پاک کا یہ حال

گھر میں کوئی کنیز نہ کوئی غلام تھا

گھس گھس گئی تھیں ہاتھ کی دونوں ہتھیلیاں

چکی کے پیسنے کا جو دن رات کام تھا

سینہ پہ مشک بھر کے جو لاتی تھیں بار بار

گو نور سے بھرا تھا، مگر نیل فام تھا

اَٹ جاتا تھا لباسِ مبارک غبار سے

جھاڑو کا مشغلہ بھی ہر صبح شام تھا

آخر گئیں جناب رسولِؐ خدا کے پاس

یہ بھی کچھ اتفاق وہاں اذنِ عام تھا

محرم نہ تھے جو لوگ تو کچھ کر سکیں نہ عرض

واپس گئیں کہ پاسِ حیا کا مقام تھا

پھر جب گئیں دوبارہ تو پوچھا حضورﷺ نے 

کل کس لیے تم آئیں تھیں، کیا خاص کام تھا؟

غیرت یہ تھی کہ اب بھی نہ کچھ منہ سے کہہ سکیں

حیدر نے ان کے منہ سے کہا جو پیام تھا

ارشاد یہ ہوا کہ غریبانِ بے وطن

جن کا کہ صُفۂ نبوی میں قیام تھا

میں ان کے بند و بست سے فارغ نہیں ہنوز

ہر چند اس میں خاص مجھے اہتمام تھا

جو جو مصیبتیں کہ اب ان پر گزرتی ہیں

میں اس کا ذمہ دار ہوں، میرا یہ کام تھا

کچھ تم سے بھی زیادہ مقدم تھا ان کا حق

جن کو کہ بھوک پیاس سے سونا حرام تھا

خاموش ہو کہ سیدۂ پاک رہ گئیں

جرأت نہ کر سکیں کہ ادب کا مقام تھا

یوں کی بسر ہر اہلِ بیت مطہّر نے زندگی

یہ ماجرائے دخترِ خیر الانامﷺ تھا


شبلی نعمانی

No comments:

Post a Comment