Sunday, 23 August 2020

معبود تجھ سے ایک جبِیں چاہیے مجھے

معبود تجھ سے ایک جبیں چاہیے مجھے
پھر اس کے بعد کچھ بھی نہیں چاہیے مجھے
تیرے جہاں پہ اپنا جہاں کیوں میں وار دوں
کوئی بہشت ہے، تو یہیں چاہیے مجھے
پرواز کیا کروں کسی بنجر فلک پہ میں
اڑنے کے واسطے بھی زمیں چاہیے مجھے
دھوکا ملے تو پوری توانائی سے ملے
جھوٹی شکست بھی تو نہیں چاہیے مجھے
ہر روز ٹوٹتے ہیں بھروسے کے آئینے
خنجر بکف یقین، نہیں چاہیے مجھے
اب آرزو، فلک یا ستارے نہیں رہے
مٹی کی گود میں ہی یقیں چاہیے مجھے
میں کیا کروں کہ میری ضرورت ہیں نفرتیں
اب تو سحؔر خلوص نہیں چاہیے مجھے

شہناز پروین سحر

No comments:

Post a Comment