Friday, 19 March 2021

نیند مشکل سے فقط ایک گھڑی رہتی ہے

 نیند مشکل سے فقط ایک گھڑی رہتی ہے

پھر مِری آنکھ میں خوابوں کی لڑی رہتی ہے

دل وہ صحرا ہے جہاں پھول کھِلا کرتے تھے

آنکھ وہ جھیل، جہاں اوس پڑی رہتی ہے

یاد کرنے کا کوئی وقت مقرر ہے بھلا؟

یہ مصیبت تو مِرے سر پہ کھڑی رہتی ہے

تجھ سے ویسے تو کوئی کام نہیں ہے مجھ کو

تجھ سے ملنے کی مگر، چاہ بڑی رہتی ہے

میں بہت زور سے ہنستا ہوں، اداسی کے سَمے

آہ چپکے سے کہیں دل میں گڑی رہتی ہے

وہ بہت دن سے مِرے پاس نہیں ہے راشد

ایک مدت سے مِری چائے کڑی رہتی ہے


راشد علی مرکھیانی

No comments:

Post a Comment