Saturday, 24 April 2021

رات بھر شعلۂ جاں خوب بڑھایا جائے

 رات بھر شعلۂ جاں خوب بڑھایا جائے

پھر دمِ صبح ہی خوابوں کو جلایا جائے

جب قضا لکھ ہی چکی سلسلۂ راہِ فنا

کیوں نہ پھر وقتِ اجل جلد بلایا جائے

ساعتِ شام، غمِ ہجر کا سناٹا ہے

شہرِ اوہام کو سپنوں سے سجایا جائے

جدتِ وحشتِ صحرا کے لیے لازم ہے

دشت کے بیچ اب اک شہر بسایا جائے

بارِ جاں لاد لیا سر پہ اور اب سوچتے ہیں

اتنا کافی ہے کہ کچھ بوجھ بڑھایا جائے

کرۂ دید کو دورانِ تقاضائے نظر

کششِ ثقل نظارہ سے چھڑایا جائے

شورشِ خاک و لہو دیکھ کے اس نے سوچا

کیوں نہ اب اشک سے انسان بنایا جائے

تہ سے لے آئیں اسے ہم مگر اتنا تو کھُلے

کتنی گہرائی میں جا کر اسے پایا جائے


عاصم بخشی

No comments:

Post a Comment