Tuesday, 6 April 2021

مضمون محبت کے شمارے میں پڑھا ہے

 مضمون محبت کے شمارے میں پڑھا ہے

اک وِرد مسلسل جو خسارے میں پڑھا ہے

کنکر سے ابابیل گِرا دیتے ہیں ہاتھی

میں نے یہ ابھی تیسویں پارے میں پڑھا ہے

یہ رسمی تعارف بھی ضروری تھا مگر دوست

پہلے بھی کہیں آپ کے بارے میں پڑھا ہے

حیرت ہے کہ ہم چار برس مِل نہیں پائے

دونوں نے اگر ایک ادارے میں پڑھا ہے

آواز اُٹھانے سے بھی سُنتا نہیں کوئی

میں نے یہ سبق آج اشارے میں پڑھا ہے

دن پھر سے گُزرنا نہیں اچھا تِرا کومل

اخبار کے اک بُرج ستارے میں پڑھا ہے


کومل جوئیہ

No comments:

Post a Comment