پھول ہونٹوں کو غزل خواں دیکھنا
مجھ کو بہکانے کے ساماں دیکھنا
دیکھنا دل کے در و دیوار پر
چاند چہروں کا چراغاں دیکھنا
گل لبوں سے کی ہے میں نے گفتگو
میرے ہونٹوں پر گلستاں دیکھنا
زلف لہرا کے مِرے دل میں ذرا
خواہشوں کا ایک طوفاں دیکھنا
اس کو پا لینا تو پھر میری طرح
خود کو اپنا ہی خواہاں دیکھنا
جلتے رہنا اس کے غم کی آنچ میں
درد بن جائے گا درماں دیکھنا
تجھ کو جب چاہا بسمل بن گیا
کتنا دانا ہے یہ ناداں دیکھنا
طفیل بسمل
No comments:
Post a Comment