Saturday, 24 April 2021

ہمنوا میرے مجھ سے جدا ہو گئے

ہمنوا میرے مجھ سے جُدا ہو گئے

وہ خفا کیا ہوئے سب خفا ہو گئے

حسن کا رازِ سر بستہ کھُل جائے گا

لالہ و گُل اگر لب کشا ہو گئے

آپ اپنے ہی جلوے تھے پیش نظر

حسرتیں بڑھ گئیں آئینہ ہو گئے

یہ مِرا فن کہ میں نے تراشا جنہیں

پتھروں کے وہ بُت سب خدا ہو گئے

جب سے محفل میں تم جان محفل ہوئے

بے وفا سب کے سب با وفا ہو گئے

کام آ ہی گیا اپنا دیوانہ پن

لذتِ سنگ سے آشنا ہو گئے

دی اسیر اپنی آنکھوں میں جن کو جگہ

شہرِ دل کے وہ فرماں روا ہو گئے


اسیر جبلپوری

No comments:

Post a Comment