Saturday, 17 April 2021

دل سے دھڑکن خون سے عزم سفر لے جائے گا

 دل سے دھڑکن خون سے عزمِ سفر لے جائے گا

وقت اک دن چھین کر سارے ہنر لے جائے گا

ہاں دُعا مانگی تھی لیکن یہ تو سوچا بھی نہ تھا

موسمِ برسات سب دیوار و در لے جائے گا

آج اس تِتلی کو ان پھولون پہ اُڑنے دیجئے

کل کوئی جھونکا ہوا کا اس کے پَر لے جائے گا

تُو کسی اندھے کنوئیں میں جائے تو یہ جان لے

ساتھ ساتھ اپنے یہ میری بھی نظر لے جائے گا

دوسروں کے گھر میں پتھر پھینکنے والے یہ سوچ

تُو بچا کر کس طرح شیشے کا گھر لے جائے گا

شہر کی سڑکوں پہ میرے ساتھ مت نکلو ابھی

جو بھی دیکھے گا اُڑا کر یہ خبر لے جائے گا

سر بلندی جس کا منصب ہے وہ جھُک سکتا نہیں

دستِ قاتل اُس کا خود نیزے پہ سر لے جائے گا


عظیم امروہوی

No comments:

Post a Comment