پھر اس کے بعد چاہے جو سزا بھی دی جاتی
مگر یہ دکھ ہے مِری بات تو سنی جاتی
غمِ فراق میں جینا ہوا ہے نا ممکن
کہ مجھ سے اور اذیت نہیں سہی جاتی
وہ مان جاتا، وہ شاید کہ لوٹ بھی آتا
میں اس کے ساتھ اگر گیٹ تک چلی جاتی
ہر ایک شخص محبت کا اہل نہیں ہوتا
ہر ایک شخص سے نفرت بھی نہیں کی جاتی
جگر کا خون جلا کر ہی بات بنتی ہے
غزل کمال کی یونہی نہیں لکھی جاتی
کرن نگاہیں بھی تو ہمکلام ہوتی ہیں
ہر ایک بات زباں سے نہیں کہی جاتی
کرن وقار
No comments:
Post a Comment