Saturday, 3 April 2021

وفا کا شوق یہ کس انتہا میں لے آیا

 وفا کا شوق یہ کس انتہا میں لے آیا

کچھ اور داغ میں اپنی قبا میں لے آیا

مِرے مزاج مِرے حوصلے کی بات نہ کر

میں خود چراغ جلا کر ہوا میں لے آیا

دھنک لباس گھٹا زُلف دُھوپ دُھوپ بدن

تمہارا ملنا مجھے کس فضا میں لے آیا

وہ ایک اشک جسے رائیگاں سمجھتے تھے

قبولیت کا شرف وہ دُعا میں لے آیا

فلک کو چھوڑ کے ہم در بدر نہ تھے شہباز

زمیں سے ٹُوٹنا ہم کو خلا میں لے آیا


شہباز خواجہ

No comments:

Post a Comment