Monday, 19 April 2021

ہوا پہ چل رہا ہے چاند راہوار کی طرح

 ہوا پہ چل رہا ہے چاند راہوار کی طرح

قدم اُٹھا رہی ہے رات اک سوار کی طرح

فصیل وادئ خیال سے اُتر رہی ہے شب

کسی خموش اور اُداس آبشار کی طرح

تڑپ رہا ہے بارشوں میں میرے جسم کا شجر

سیاہ ابر میں گھِرے ہوئے چنار کی طرح

انہی اُداسیوں کی کائنات میں کبھی تو میں

خِزاں کو جیت لوں گی موسمِ بہار کی طرح

تِرے خیال کے سفر میں تیرے ساتھ میں بھی ہوں

کہیں کہیں کسی غُبارِ رہ گزار کی طرح

عبور کر سکی نہ فاصلوں کی گردشوں کو میں

بلند ہو گئی زمین کوہسار کی طرح

تِرے دِیے کی روشنی کو ڈھونڈتا ہے شام سے

مِرا مکاں کسی لُٹے ہوئے دیار کی طرح


شاہدہ حسن

No comments:

Post a Comment