Tuesday 25 May 2021

سہہ لیا آستیں میں لگتی ہوئی گھات کا دکھ

 سہہ لیا آستیں میں لگتی ہوئی گھات کا دُکھ

کیسے سہہ لیں مگر اس طرح ملی مات کا دکھ

جو بھی صحراؤں میں رہتے ہیں وہی جانتے ہیں

کس طرح توڑ کے رکھ دیتا ہے برسات کا دکھ

بوجھ اک دائمی فرقت کا لیے سینے پر

جھٹپٹے نے بھی سہا ساتھ میں دن رات کا دکھ

وہ جو پردیس میں بیٹھا ہے اسے کیا معلوم

راہ تکتی ہوئی آنکھوں سے ملاقات کا دکھ

زندگی یونہی سسکتی رہی چاروں جانب

اور کھاتا ہی گیا سب کو یہی ذات کا دکھ

اس تعلق کی روانی تھی ہواؤں سی مگر

لے کے ڈوبا اسے اک رنجشِ بے بات کا دکھ

تلخ لہجہ تو گراں تھا، ہے مگر اس سے سوا

سرد آنکھوں سے کہی طنز بھری بات کا دکھ


صائمہ اسحاق

No comments:

Post a Comment