Thursday 27 May 2021

شراب گوندھ کے آنکھوں میں کون لاتا ہے

 شراب گوندھ کے آنکھوں میں کون لاتا ہے

کہاں ہے حور جسے تھامنا بھی آتا ہے

وہ ہارتی ہے محبت کھنکتے ساحل پر

تو سیپائی سمندر بھی ہار جاتا ہے

غزل بہانہ ہے یہ رف عمل بہانہ ہے

قلم ابھی بھی تِرا جسم گنگناتا ہے

کھڑی ہے چاروں طرف وہ جڑی ہے چاروں طرف

میں راستے کو، مجھے راستا گھماتا ہے

وہ گردوارے کی اینٹوں میں سانس لیتی ہے

ابھی بھی آنکھ کا کاجل اسے ستاتا ہے

میں پر کہانی کے چپکے سے کھول دیتا ہوں

تمہارے چہرے پہ جب جھوٹ مسکراتا ہے

حلب کی لڑکیاں چپ کا طواف کرتی ہیں

یہ دل نہیں ہے سمرقند کا احاطہ ہے

پلک چبھی تو نہیں، زندگی بجھی تو نہیں

میں چھُو رہا ہوں وہ لہجہ کھنکتا جاتا ہے

اور ایک لڑکی جسے اوڑھنی کا ہوش نہیں

اور ایک گھر جو محبت بہت جتاتا ہے

کواڑ کھول سمے آپ اس شبستان کے

یہ میر جعفر و صادق کو کیا بلاتا ہے

جنوں گزیدہ ہیں عامر، سکوں گزیدہ ہیں

ہمارا دشت سے دیوانگی کا ناتا ہے

وہ ہنستے ہنستے اچانک ہی رو پڑی عامر

بتا رہی تھی کہ ہنسنا اسے بھی آتا ہے

وہ اس جمود کو کیوں توڑتا نہیں عامر

وہ یہ عمود محبت پہ کیوں گراتا ہے

میں اس چراغ کی مہلت کا کیا کروں عامر

جو میری آنکھ میں آوارگی بچھاتا ہے

وہ ہو رہی ہے محبت سے جوگیا عامر

یہ چاند پوچھ کے جس کی گلی میں آتا ہے


عامر سہیل

No comments:

Post a Comment