Monday, 12 July 2021

ترے بغیر کٹے دن نہ شب گزرتی ہے

 تِرے بغیر کٹے دن نہ شب گزرتی ہے

حیات کس سے کہوں کیسے اب گزرتی ہے

گمان ہوتا ہے مجھ کو تمہارے آنے کا

ہوا ادھر سے دبے پانوں جب گزرتی ہے

ہمارا کیا ہے کسی طور کٹ ہی جائے گی

سکوں سے ان کی تو شامِ طرب گزرتی ہے

مجھے وہ لمحہ قیامت سے کم نہیں ہوتا

کوئی کراہ سماعت سے جب گزرتی ہے

گزر رہا ہوں جس احساس کے عذاب سے میں

قیامت ایسی کسی دل پہ کب گزرتی ہے

یہ راہِ شوق ہے، کچھ احتیاط ہے لازم

ذکی صبا بھی یہاں با ادب گزرتی ہے


ذکی طارق

No comments:

Post a Comment