Tuesday, 26 October 2021

ہوا تھمی تھی ضرور لیکن

 ہوا تھمی تھی ضرور لیکن

وہ شام بھی جیسے سسک رہی تھی

کہ زرد پتوں کو آندھیوں‌ نے

عجیب قصہ سنا دیا تھا

کہ جس کو سن کر تمام پتے

سسک رہے تھے

بلک رہے تھے

جانے کس سانحے کے غم میں

شجر جڑوں سے اکھڑ چکے تھے

بہت تلاشا تھا ہم نے تم کو

ہر ایک رستہ

ہر ایک وادی

ہر ایک پربت

ہر ایک گھاٹی

مگر

کہیں سے تیری خبر نہ آئی

تو یہ کہہ کر ہم نے دل کو ٹالا

ہوا تھمے گی تو دیکھ لیں گے

ہم اس کے رستوں کو ڈھونڈ لیں گے

مگر ہماری یہ خوش خیالی

جو ہم کو برباد کر گئی تھی

ہوا تھمی تھی ضرور لیکن

بڑی ہی مدت گزر چکی تھی

ہمارے بالوں کے جنگلوں میں

سفید چاندی اتر چکی تھی

فلک پہ تارے نہیں رہے تھے

گلاب پیارے نہیں رہے تھے

وہ جن سے بستی تھی دل کی بستی

وہ یار سارے نہیں رہے تھے

مگر یہ المیہ سب سے بالاتر تھا

کہ ہم تمہارے نہیں رہے تھے

کہ تم ہمارے نہیں رہے تھے

ہوا تھمی تھی ضرور لیکن

بڑی ہی مدت گزر چکی تھی


توقیر علی ترمذی

No comments:

Post a Comment