Tuesday 26 October 2021

یہ کوئی پہلا ہجر نہیں جو جھیلنا ہو گا

شہزادی


یہ کوئی پہلا ہجر نہیں جو جھیلنا ہو گا

تم سے پہلے بھی اِک لڑکی

خوابوں کی مسماری کر کے

دُکھ سینے میں جاری کر کے

ہجر بدن پر طاری کر کے

دُور کسی کے آنگن کی شہزادی ہو گئی

اس کے دُکھ کی نیلی گرہیں پوری طرح سے کُھل نہیں پائیں

اور تم آئیں

تم آئی تو سوچا تھا تم خوابوں کو شاداب کرو گی

پیاسا دل سیراب کرو گی

لیکن تم بھی مجھ پیاسے کو پیاسا رکھنے کی ہی ضد پر اڑی ہوئی ہو

ٹھیک ہے گر قسمت میں جلتے

صحراوں کی خاک لکھی ہے

خوابوں کی تقدیر میں پھر اِک مسماری ہے

سب سہہ لوں گا

شہزادی تم خوش خوش رہنا

وقت مجھے جیسا رکھے گا

میں رہ لوں گا


میثم علی آغا

No comments:

Post a Comment