Wednesday, 24 November 2021

کس جگہ جاتا ہے اور کون سے در جاتا ہے

 کس جگہ جاتا ہے اور کون سے در جاتا ہے

تیرے در سے جو پلٹ آئے کدھر جاتا ہے

منظرِ عام پہ آتا ہے تو ڈر جاتا ہے

اشک میرا مِرے اندر ہی بکھر جاتا ہے

کیا ہوا چھوڑ کہ ہر بار اگر جاتا ہے

دو گھڑی مجھ سے مگر بات تو کر جاتا ہے

آج وہ زخم کی تاثیر سے تر جاتا ہے

وہ جو کہتا تھا میاں زخم ہے بھر جاتا ہے

کس کی یادوں کے دیے زخم مجھے چبھتے ہیں

کون ہے جو مِری آنکھوں میں ٹھہر جاتا ہے

کس کا خوں ہے کہ یہ مٹی بھی تڑپ اٹھی ہے

نوکِ نیزہ پہ یہ کس مرد کا سر جاتا ہے


فیضان قادر

No comments:

Post a Comment