تِری نگاہ جو چہرہ شناس ہو جائے
غمِ حیات کی تلخی مٹھاس ہو جائے
ہر ایک صبح تجھے ڈھونڈنے نکلتا ہوں
ہر ایک شام طبیعت اداس ہو جائے
میں اپنے ہونے کا احساس چاہتا ہوں اب
تِری نظر، مِرے تن کا لباس ہو جائے
جگی ہے دل میں تمنا کوئی مجھے چاہے
یہ دشت بھی کسی دریا کی پیاس ہو جائے
کسی کی عمرِ رواں پا بجولاں ہوتی ہے
کسی کی راہ کا پتھر کپاس ہو جائے
میں اپنے سائے سے بھی بچ بچا کے چلتا ہوں
خدایا! یوں نہ کوئی بدحواس ہو جائے
کِھلے نہ شاخِ شجر پر کوئی نئی اُمید
بس ایک سایہ ملے جو کہ راس ہو جائے
مزمل عباس شجر
No comments:
Post a Comment