Wednesday, 6 March 2024

تار کی جھنکار ہی سے بزم تھرا جائے ہے

 تار کی جھنکار ہی سے بزم تھرا جائے ہے 

گاہے گاہے ساز ہستی یوں بھی چھیڑا جائے ہے 

قافلہ چُھوٹے زمانہ ہو گیا لیکن ہنوز 

یاد آواز جرس رہ رہ کے تڑپا جائے ہے 

خود زمانہ رُخ ہمارا دیکھتا ہے ہم نہیں 

جس طرف مُڑتے ہیں ہم دھارا بھی مُڑتا جائے ہے 

سر جو گردن پر نہیں تو کیا ہتھیلی پر سہی 

منزل عشق و جنُوں سے یوں ہی گُزرا جائے ہے 

ہم کہاں ڈُوبے تھے یہ کل پُوچھیے گا آج تو 

کچھ تلاطم سا ابھی موجوں میں پایا جائے ہے 

عقل والو! کچھ کہو یہ رشتۂ راز حیات 

کیوں اُلجھتا جائے ہے جتنا کہ کُھلتا جائے ہے 

آ رہا ہوں دوستو! ٹھہرو، مگر یہ تو بتاؤ 

مجھ کو کس گوشہ سے صحرا کے پکارا جائے ہے 


نیاز فتحپوری

No comments:

Post a Comment