خود کو جینا سکھا دیا میں نے
تجھ سے اچھا نہیں کیا میں نے
پیڑ پر دو حروف لکّھے تھے
سارا جنگل جلا دیا میں نے
پردہ پوش اور پردہ دار میں فرق
تُو نے واضح کیا ہے یا میں نے
تھی جو آب حیات کی خیرات
اس کا قطرہ نہیں پیا میں نے
جس زمانے پہ ناز تھا تجھ کو
ایک لمحے میں جی لیا میں نے
شاہ زاد اپنا چاک پیراہن
ہوش میں بھی نہیں سیا میں نے
حسین شاہ زاد
No comments:
Post a Comment