Tuesday 4 June 2024

جو محمد کے دوارے کا گدا ہوتا ہے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


جو محمدﷺ کے دوارے کا گدا ہوتا ہے

یوں سمجھیے اسے آقاﷺ نے چُنا ہوتا ہے

آلِ احمدﷺ کے فقیروں پہ اُٹھا مت اُنگلی

ان کا رُتبہ تِری سوچوں سے بڑا ہوتا ہے

ان کو عاموں کی کسوٹی پہ پرکھنے والے

ان کا انداز زمانے سے جُدا ہوتا ہے

تیرے سجدوں سے ورا عشق کا سجدہ واعظ

یہ وہ سجدہ جو تہہِ تیغ ادا ہوتا ہے

میں حسینی ہوں نہ مشکل سے ڈراؤ مجھ کو

علیؑ والوں کو کہاں خوفِ بلا ہوتا ہے

مجھ کو بے یار و مددگار سمجھنے والے

میں اکیلا ہوں کہاں، ساتھ خُدا ہوتا ہے

ہم تو ہر حال میں راضی بہ رضا رہتے ہیں

اور ہوتے، جنہیں قسمت سے گِلہ ہوتا ہے

عین ممکن ہے کہ بخشش کا وسیلہ ٹھہرے

ایک مصرع جو عقیدت میں کہا ہوتا ہے

شعر گوئی کا ہُنر عام ہے لیکن الفی

منقبت لکھتا وہی ہے جو چُنا ہوتا ہے


افتخار حسین الفی

No comments:

Post a Comment