Thursday 13 June 2024

وہ جلوہ بار ہر سو ہیں یہ میری خوش نصیبی ہے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


وہ جلوہ بار ہر سُو ہیں یہ میری خُوش نصیبی ہے

نگاہیں میری آہُو ہیں یہ میری خوش نصیبی ہے

یہ کیا کم ہے کہ ہے توفیقِ اظہارِ طلب مجھ کو

مِری آنکھوں میں آنسُو ہیں یہ میری خوش نصیبی ہے

اِدھر اک میں ہوں اور میری خطائیں ہیں، اُدھر لیکن

کرم کے لاکھ پہلُو ہیں یہ میری خوش نصیبی ہے

تپائے تھے دماغ و دل کبھی جو ہجر کی لو پر

وہ اب مصروفِ یاہُو ہیں یہ میری خوش نصیبی ہے

شریعت کی کماں کے تیر جتنے آئے ہیں مجھ تک

مرے دل میں ترازُو ہیں یہ میری خوش نصیبی ہے

یہ ہے ان کے کرم کی حد خطائیں ہو گئیں سب رد

دُعائیں سب اثر جُو ہیں یہ میری خوش نصیبی ہے

مہک اُٹھے معطر نعت کہہ کر رُوح و دل ماجد

کہ سب الفاظ خُوشبُو ہیں یہ میری خوش نصیبی ہے


ماجد خلیل

No comments:

Post a Comment