Monday, 5 August 2024

میں عالم سراب ہوں

 دنیا


میں عالمِ سراب ہوں

میں حکم میں عتاب ہوں

نہ وقت کو کُرید تُو

میں تو کُھلی کتاب ہوں

تُو غور کر کہ کیا ہوں میں

گُناہ کا جواب ہوں

جہانِ نوبہار سُن

قدیم تر تُراب ہوں

فراق جو تمہیں مِلا

میں ہی تو وہ حجاب ہوں

نظر اُٹھا کے دیکھ تُو

میں خانماں خراب ہوں

کبھی عطا، کبھی سزا

میں آتش و گلاب ہوں

کبھی بنی میں گور تو

کبھی بنی شباب ہوں

سبق ہوں اہلِ علم کا

طویل تر نصاب ہوں

جہانِ معرفت بھی میں

میں علم کی شراب ہوں

ہے حرف حرف لکھ لیا

گھڑی گھڑی حساب ہوں

یہ اختتام ہے میرا

کہا ہے سچ حباب ہوں


اسماء آرزو

No comments:

Post a Comment