Tuesday, 6 August 2024

مدح حسن میں دھانی ہوتے گئے نظارے

عارفانہ کلام حمد نعت منقبت

در مدح امامِ حسن مجتبیٰؑ


مدحِ حسنؑ میں دھانی ہوتے گئے نظارے

شاداب سے کنائے سر سبز استعارے

مدحت بہ لب پرندے شاعر پسند موسم

تازہ کلام بارش محوِ ثناء پھوارے

نرگس نے آنکھ کھولی جس ذکر کی اذاں سے

سُنبل نے بال اپنے اُس ذکر سے سنوارے

غُنچوں کی مُٹھیوں میں زیرے ہیں کچھ طلائی 

ذرے لیے ہوئے ہیں جھولی میں کچھ ستارے

جو دل یہ جانتے ہیں والذکر کے فوائد

وہ دل نہیں اٹھاتے والعصر کے خسارے

آورد تجھ کو سمجھا تقدیس کا دریچہ

آمد کو میں نے جانا محبوب کے اشارے

مولائی آبشاریں، ماتم نشاں چٹانیں

کچھ سرفراز جھیلیں، کچھ سرخرو شکارے

اِس نہر کا ہے پانی، تسبیح کی روانی

اک شعرِ منقبت ہیں کوثر کے دو کنارے

زنبیل کھول دی ہے یہ کہہ کے کہکشاں نے

جو ہے اسی کی دولت جو ہے اسی کے دوارے

وصفِ سخیؑ سے جب تک روٹی تنور میں ہے

پُھولے نہیں سماتی وہ بھی خُوشی کے مارے

سمجھے ہیں جو زبانیں مخلوقِ بے زباں کی

اُن گوش میں اذانیں کہتے ہیں گوشوارے

جو ہے بنائے فطرت وہ عشق ہے تمہارا

جو بوسہ گاہِ احمدﷺ وہ ہونٹ ہیں تمہارے

آنکھوں پہ مر مٹی ہے تخلیق آسماں کی

یہ زنجبیل موجیں، یہ سلسبیل دھارے

آیت کو ہے ضروری اس دم نظر کا ٹیکا

فضہؑ سے کوئی کہہ دو کاجل ذرا سا پارے

عالم چراغ چہرہ،۔ شانہ پناہ گیسو

حیدرؑ جبین چومے،۔ زہراؑ نظر اتارے

کیا کیا حسِین حُوریں جنت سے کہہ رہی ہیں

اللہ کے قریبی پیارے نبیﷺ کے پیارے

سرکارﷺ روشنی کو سرکارﷺ دیکھتے ہیں

آئینے کی نگاہیں آئینے پر ہیں وارے

یہ نازشِ زکریا کی حکمتیں تو دیکھو

صلحِ درخت روشن ظلمت میں غرق آرے

مداحئ وفا میں توصیفِ خاکِ پا میں

یہ جیت ہے ہماری جو فکر کرکے ہارے

فرزںدِ فاطمہؑ کی اِس نظم کے تصدق

تسبیح میں خدا نے میرے سخن شمارے


کمیل شفیق رضوی 

No comments:

Post a Comment