Sunday, 18 August 2024

کیا بیاں انساں سے ہو عظمت رسول اللہ کی

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


کیا بیاں انساں سے ہو عظمت رسول اللہؐ کی

خود خدا کرتا ہے جب مِدحت رسول اللہ کی

دل میں حسرت ہے تو ہے حسرت رسول اللہ کی

خواہشِ قُربت ہے تو قُربت رسول اللہ کی

پہلے اپنے قلب کو آلائشوں سے پاک کر

ہر طرف دیکھے گا پھر صُورت رسول اللہ کی

اور پھر کیا چاہیے کونین میں اس شخص کو

جس کو حاصل ہو گئی اُلفت رسول اللہ کی

اے سرشکِ چشم دامن تک نہ آ، یونہی مچل

ہو گی حاصل تُجھ کو بھی قُربت رسول اللہ کی

حُسنِ سیرت، حُسنِ صُورت کا مرقع دیکھیے

دُشمنوں پر بھی رہی رحمت رسول اللہ کی

ہم مہاجر ہیں، ہمیں ہجرت پہ اپنی ناز ہے

کیوں کہ یہ ہجرت بھی ہے سُنت رسول اللہ کی

دیکھ لوں میں وہ گلیاں، وہ در و دیوار و بام

جن پہ رہتی ہے سدا رحمت رسول اللہ کی

زندہ ہوں جبران جینے کی مگر خواہش نہیں

ختم ہو، اے کاش یہ فُرقت رسول اللہ کی


عزیز جبران انصاری

No comments:

Post a Comment