Thursday, 8 August 2024

بس یہی ایک جینا تو جینے میں تھا میں مدینے میں تھا

عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


بس یہی ایک جینا تو جینے میں تھا میں مدینے میں تھا

دل مرا خود کہاں میرے سینے میں تھا میں مدینے میں تھا

داغِ عصیاں لیے چومتا کیا بھلا جالی خوشنما

میں شرابور اپنے پسینے میں تھا میں مدینے میں تھا

نور و نکہت میں ڈوبی ہوئی رات تھی لب پہ اک نعت تھی

اور میں رحمتوں کے خزینے میں تھا میں مدینے میں تھا

دل میں کچھ مدّعا میرے آیا نہیں لب ہلایا نہیں

اشک بس آنکھ کے آبگینے میں تھا میں مدینے میں تھا

ساکت و جامد اس در پہ سب تھے کھڑے سارے چھوٹے بڑے

زمزمہ دھڑکنوں کا قرینے میں تھا میں مدینے میں تھا

ان کے ہاتھوں سے خیرات بٹتی رہی بھیڑ چھٹتی رہی

مست میں بھی مئے جود پینے میں تھا میں مدینے میں تھا

جب نواز ان کے کوچے میں موجود تھا مجھ کو ایسا لگا

اک خذف تھا جڑا جو نگینے میں تھا میں مدینے میں تھا


نواز اعظمی

No comments:

Post a Comment