Tuesday, 6 August 2024

حروف مدح علی کا جہاں قیام نہ تھا

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


حروف مدح علیؑ کا جہاں قیام نہ تھا 

جہان عشق میں ایسا کوئی مقام نہ تھا 

عظیم ہونے میں اس کے کوئی کلام نہ تھا 

کہ جو غریب نجف تھا، امیر شام نہ تھا

سنا ہے اس کی قیادت میں آئیں تھیں صدیاں 

وہ اک ستارہ جو معموم تھا، امام نہ تھا 

جو احترام علم کا ہے آج دنیا میں 

علیؑ سے پہلے علم کا یہ احترام نہ تھا 

خدا گواہ وہی لوگ تھے جو کام کے تھے 

علی علی کے سوا جن کو کوئی کام نہ تھا 

حسن سے مانگی تھی جس نے سند میں اک تحریر 

وہ کیا غلام تھا ایسا اگر غلام نہ تھا 

خدا کا کام علیؑ کے غلام کرنے لگے 

علیؑ سے پہلے خدائی کا یہ نظام نہ تھا 

سماعتوں کو عجب لطف دے گیا وہ حرف 

بجز کلیم کسی سے جو ہم کلام نہ تھا 

سوال یہ ہے کہ تم تشنہ کام کیوں پلٹے 

غدیر خم میں صراحی نہ تھی کہ جام نہ تھا 

نجف میں جاں تھی مِری روح تھی مدینے میں

جہاں قیام تھا میرا وہاں قیام نہ تھا 


عباس حیدر زیدی 

No comments:

Post a Comment