Saturday, 14 November 2026

میرا ہو جا مجھے اے یار مکمل کر دے

 میرا ہو جا مجھے اے یار مُکمل کر دے

یا مجھے چھوڑ دے انکار مکمل کر دے

اپنے دیدار کے جلووں میں گِھرا رہنے دے

دُور جانا ہے تو دیوار مکمل کر دے

زندگی اس کی، رضا اس کی، کہانی اس کی

پھر جہاں چاہے وہ کردار مکمل کر دے

پیاس دی ہے تو وہی وصل کی بارش دے گا

اور وہ چاہے تو سرشار مکمل کر دے

میں مہاجر ہوں تو ہجرت کی اجازت دے دے

یا اسی شہر میں انصار مکمل کر دے

وہ جو پیارا ہے تو جان کسے پیاری ہے

عشق میں جو بھی ہے معیار مکمل کر دے

تُو جو خُوش ہے تو یہی بات مجھے ہے کافی

جیت جا مجھ سے، میری ہار مکمل کر دے

لفظ بے مایہ اگر ہوں گے تو میں چاہوں گا

ایسی خاموشی جو اظہار مکمل کر دے

شاعری داد ہے اس ایک ادا کی خُسرو

جو نہ بولے بھی تو گُفتار مکمل کر دے


 ڈاکٹر فضل احمد خسرو

No comments:

Post a Comment