Friday, 25 November 2016

اگر ام القریٰ میں خالق کونین نے شورش

آرزو 

اگر ام القریٰ میں خالق کونین نے شورشؔ
بہ عہدِ احمدِ مرسلﷺ مجھے پیدا کیا ہوتا
حِرا کی خاک میں تحلیل میرے جسم و جاں ہوتے
میری لوحِ جبیں پر آپﷺ ہی کا نقش پا ہوتا
قدوم سرورِ کونینﷺ کی عظمت بحمد للہ
میں خاکِ رہگزر ہوتا تو پھر بھی کیمیا ہوتا
دل و دماغ چمک اٹھتے رخ پُرنور کی ضَو سے
نظر اٹھتی جہاں تک جلوۂ خیر الوریٰﷺ ہوتا
بہر عنوان اس ذاتِ گرامی پر نظر رہتی
کبھی ان پر کبھی ان کے غلاموں پر فدا ہوتا
رسول اللہﷺ کے ادنیٰ غلاموں کی ثنأ لکھتا
کلام اللہ کے الفاظ میں نغمہ سرا ہوتا
شہنشاہوں کے تخت و تاج میرے پاؤں میں ہوتے
مِرا سر سیدالکونینﷺ کے در پر جھکا ہوتا
خداوندانِ دولت کے گریباں پھاڑ دیتا میں
محمد ﷺ کی قسم قرآن کے پرچم گاڑ دیتا میں

آغا شورش کاشمیری

No comments:

Post a Comment