Friday, 25 November 2016

ہوں مرے ماں باپ قرباں اس مقدس نام پر

عارفانہ کلام منقبت سلام بر ام المؤمنین عائشہ صدیقہؓ

ہوں مرے ماں باپ قرباں اس مقدس نام پر
عائشہؓ کے سینکڑوں احسان ہیں اسلام پر
جس کی عفت کی گواہی دی کلام اللہ نے
جس کی غیرت کے نشاں ہیں دامنِ ایام پر
جس کو بخشا تھا پیمبرﷺ نے ”حمیرا“ کا لقب
مہر و مہ کی رونقیں قربان اس کے نام پر
جس کے فرزندوں نے سیلِ بیکراں کے روپ میں
اپنی سطوت کے عَلم لہرائے روم و شام پر
جس پہ باندھا تھا خدا کے دشمنوں نے اِتہام
آج تک انسان شرمندہ ہے اس الزام پر
سید الکونینؐ کی سیرت کا نورانی ورق
جیسے صیقل جگمگاتی ہو دلِ صمصام پر
ہم گنہگاروں کا شورشؔ کون ہے ان کے سوا
خواجۂ کونینؐ کی رحمت ہے خاص و عام پر

آغا شورش کاشمیری

No comments:

Post a Comment