Saturday, 24 December 2016

سمجھ رہا ہے تری ہر خطا کا حامی مجھے

سمجھ رہا ہے تِری ہر خطا کا حامی مجھے 
دِکھا رہا ہے یہ آئینہ مِری خامی مجھے
زماں کی قید ہے کوئی، نہ ہے مکاں کی خبر
کہاں کہاں لیے پھرتی ہے تشنہ کامی مجھے
نہیں کہ جرأتِ اظہارِ عشق مجھ میں نہیں
تباہ کر کے رہی میری نیک نامی مجھے
کوئی نہیں مِرا سامع، اسی میں خوش ہوں 
کہ راس آتی بہت میری خود کلامی مجھے
مزا ملا نہ کبھی منزل آشنائی کا
کچھ ایسا کر گئی آوارہ تیز گامی مجھے
حسین چہروں کو تیوری کے بل بگاڑتے ہیں
گراں گزرتی ہے فطرت کی بد نظامی مجھے
میں فرشِ راہ یوں ہی تو نہیں ہوا آزرؔ 
نڈھال کر کے رہی اسکی خوش خرامی مجھے

راشد آزر

No comments:

Post a Comment