Monday, 5 December 2016

پھر مزاج اس رند کا کیوں کر ملے

پھر مزاج اس رِند کا کیوں کر ملے
جس کو اس کے ہاتھ سے ساغر ملے
وصل ہے سر جوشِ صہباۓ فنا
پھر اگر کوئی ملے کیوں کر ملے
کچھ نہ پوچھو کیسی نفرت ہم سے ہے
ہم ہیں جب تک وہ ہمیں کیوں کر ملے
ظاہر و مظہر میں فرق ایسا نہیں
پیر ہاتھ آیا،۔۔ تو پیغمبر ملے
میری آنکھیں اور اُس کی خاک پا
تیرے کوچے کا اگر رہبر ملے
کعبہ، بت خانہ، کلیسا، صومعہ
پھرتے ہیں در در کہ تیرا گھر ملے
کس قدر ٹھہرا بلند ان کا مقام
مل گیا مولا جسے حیدؓر ملے
ملنے کے پہلے فنا ہونا ضرور
پھر فنا جو ہو گیا کیوں کر ملے
آسیِؔ گریاں ملا محبوب سے
گل سے شبنم جس طرح رو کر ملے

آسی غازی پوری

No comments:

Post a Comment