Tuesday, 13 December 2016

ہمارے ساتھ امید بہار تم بھی کرو

ہمارے ساتھ امیدِ بہار تم بھی کرو 
اس انتظار کے دریا کو پار تم بھی کرو
ہوا کا رخ تو کسی پَل بھی بدل سکتا ہے
اس ایک پل کا، ذرا انتظار تم بھی کرو 
میں ایک جگنو، اندھیرا مِٹانے نکلا ہوں
رِدائے تِیرہ شبی تار تار تم بھی کرو 
تمہارا چہرہ تمہیں ہو بہو دکھاؤں گا
میں آئینہ ہوں، مِرا اعتبار تم بھی کرو 
ذرا سی بات پہ کیا کیا نہ کھو دیا میں نے
جو تم نے کھویا ہے، اس کا شمار تم بھی کرو
مِری انا تو تکلف میں پاش پاش ہوئی 
دعائے خیر، مِرے حق میں یار تم بھی کرو 
اگر میں ہاتھ ملاؤں، تو یہ ضروری ہے 
کہ صاف سینے کا اپنے غبار تم بھی کرو 
کوئی ضروری نہیں ہے کہ سب کی طرح فراغؔ 
زمانے والی روش اختیار تم بھی کرو 

فراغ روہوی

No comments:

Post a Comment