Tuesday, 8 September 2020

یہ وقت ہجرت ہے

پرندوں نے پرندوں سے کہا
آؤ یہ بستی چھوڑ دیں
ہجرت کریں
یہ وقتِ ہجرت ہے
یہاں رہنا کسی بھی طور اب بہتر نہیں ہے
چلو آؤ
طلوعِ صبح سے پہلے نکلنے کی کوئی صورت کریں
ایسا نہ ہو یہ ساری بستی جاگ جائے
اور سارے راستے مسدود ہو جائیں
یہاں کے منصفوں کی، حکمرانوں کی ہر اک منطق نرالی ہے
یہاں ہر چیز بکتی ہے
یہاں ہر شے کی قیمت ہے
یہاں کیا کیا نہیں ہوتا
یہاں طاقت کے بل بوتے پہ جو چاہو وہ ممکن ہے
ہماری چہچہاہٹ کے کوئی معنی نہیں ہیں
ہمارے دلنشیں نغمات کی کس کو ضرورت ہے
یہاں اہلِ ہوس نے اپنی مرضی کا ہر اک منظر تراشا ہے
نیا سورج نکلنے میں ابھی کچھ دیر باقی ہے
ابھی کچھ زلزلے، کچھ آندھیاں، جاروب کش ہوں گی
ابھی نقارہ بجنا ہے
ابھی پردوں کے پیچھے جگمگاتی روشی کو ماند ہونا ہے
ابھی خیمے اکھڑنے ہیں
ابھی منظر بدلنا ہے
چلو آؤ، کسی ویراں جزیرے پر اترتے ہیں

یوسف خالد

No comments:

Post a Comment