Monday, 14 September 2020

ترا وجود ہی سب سے بڑی حقیقت ہے

ترا وجود ہی سب سے بڑی حقیقت ہے
تجھے بھلا نہیں سکتا، یہی محبت ہے
گلہ نہیں ہے تری بے تعلقی سے مجھے
میں جانتا ہوں تجھے بھولنے کی عادت ہے
دلِ حزیں کو بڑی دیر میں ہوا معلوم
یہی کہ تیری محبت میری ضرورت ہے
مری طلب میں ہے ٹھنڈک گئے زمانوں کی
ترے لہو میں نئے موسموں کی حدت ہے
خود اپنی ذات کا جب تجزیہ کیا تو کھلا
ترے بغیر بھی جینے کی ایک صورت ہے

احمد مشتاق

No comments:

Post a Comment