Tuesday, 15 September 2020

شمع احساس سے اٹھتا ہے دھواں تیرے بعد

شمعِ احساس سے اٹھتا ہے دھواں تیرے بعد
خاکِ ایماں میں پنپتے ہیں گماں تیرے بعد
سوچتا ہوں کہ مرا سوگ منانے کے لیے
کون آئے گا تہی چشم یہاں تیرے بعد
پھول مرجھا گئے خوشبو کی ندی سوکھ گئی
ہو گیا دشت گلستانِ جہاں تیرے بعد
جس جگہ تیرے پرستار رہا کرتے تھے
ڈھیر مٹی کے نظر آئے وہاں تیرے بعد
ایک آواز ہوئے جائیں مِرے اشکِ رواں
ایک تصویر ہوئی جائے زباں تیرے بعد
بڑھ گئی خاک کے بازار میں پانی کی رسد
ڈھے گئی خواب کی معروف دکاں تیرے بعد
قریۂ عشق کے برباد گلی کوچوں میں
بال کھولے ہوئے پھرتی ہے فغاں تیرے بعد
سخت حیرت میں لکھا ہے میرے یاروں نے مجھے
بولتے ہی نہیں‌ بستی کے جواں تیرے بعد

احمد حماد

No comments:

Post a Comment