Saturday, 5 September 2020

خطا کی اے دل ناداں خطا کی

خطا کی اے دلِ ناداں خطا کی 
تمنا کی تو کس نا آشنا کی ؟
خدا کی شان یہ قسمت حنا کی 
بنی مشاطہ اس کے دست و پا کی
بتا کر شوخیاں اس کو ادا کی 
ڈبوئی ہم نے قسمت مُدعا کی 
بیاں سن کر مِرا جلتے ہیں شاہد 
زباں میں میری گرمی ہے بلا کی 
فراقِ یار سے گھٹنے لگا دَم 
دُہائی ہے دُہائی ہے خدا کی 
مِرا وعدہ رقیبوں سے وفا ہو 
ہوئی تاثیر کیا الٹی دعا کی 
کئی دن سے وہ گھبرائے ہوئے ہیں 
رسائی کچھ ہوئی آہِ رسا کی 
نہ کہتے مُدعا نخوت نہ ہوتی 
یہ خوبی ہے ہماری التجا کی 
ہوۓ ہم خاک بھی اس رہگزر میں 
رہی حسرت ہی وصلِ نقشِ پا کی 
وقار التجا بھی ہم نے کھویا 
عبث جا جا کے ان سے التجا کی 
امیدیں اپنی سب قائم رہیں گی 
اگر وہ ہیں خدائی میں خدا کی 
یہاں تو ہو چکی راقم ملاقات 
توقع باقی ہے روز جزا کی 

راقم دہلوی

No comments:

Post a Comment