Monday, 14 September 2020

عاشق سمجھ رہے ہیں مجھے دل لگی سے آپ

عاشق سمجھ رہے ہیں مجھے دل لگی سے آپ
واقف نہیں ابھی مرے دل کی لگی سے آپ
دل بھی کبھی ملا کے ملے ہیں کسی سے آپ
ملنے کو روز ملتے ہیں یوں تو سبھی سے آپ
سب کو جواب دے گی نظر حسب مدعا
سن لیجے سب کی بات نہ کیجے کسی سے آپ
مرنا مرا علاج تو بے شک ہے سوچ لوں
یہ دوستی سے کہتے ہیں یا دشمنی سے آپ
ہو گا جدا یہ ہاتھ نہ گردن سے وصل میں
ڈرتا ہوں اڑ نہ جائیں کہیں نازکی سے آپ
زاہد! خدا گواہ ہے، ہوتے فلک پر آج
لیتے خدا کا نام اگر عاشقی سے آپ
اب گھورنے سے فائدہ بزم رقیب میں
دل پر چھری تو پھیر چکے بے رخی سے آپ
دل تو نہیں کسی کا تجھے توڑتے ہیں ہم
پہلے چمن میں پوچھ لیں اتنا کلی سے آپ
میں بے وفا ہوں غیر نہایت وفا شعار
میرا سلام لیجے ملیں اب اسی سے آپ
بدلا یہ روپ آپ نے کیا بزم غیر میں
اب تک مری نگاہ میں ہیں اجنبی سے آپ
پردے میں دوستی کے ستم کس قدر ہوئے
میں کیا بتاؤں پوچھئے یہ اپنے جی سے آپ
اے شیخ! آدمی کے بھی درجے ہیں مختلف
انسان ہیں ضرور مگر واجبی سے آپ
مجھ سے صلاح لی نہ اجازت طلب ہوئی
بے وجہ روٹھ بیٹھے ہیں اپنی خوشی سے آپ
بیخود یہی تو عمر ہے عیش و نشاط کی
دل میں نہ اپنے توبہ کی ٹھانیں ابھی سے آپ

بیخود دہلوی

No comments:

Post a Comment