Saturday, 5 September 2020

دور وہ حد نظر پر اک الاؤ دیکھنا

دور وہ حدِ نظر پر اک الاؤ دیکھنا
دشتِ ظلمت کے مسافر کا پڑاؤ دیکھنا
میں لبِ دریا کا ہوں وہ کھیت جس کو رات دن
اپنی آنکھوں سے پڑے اپنا کٹاؤ دیکھنا
اس طرف کھیتوں پہ چادر دھوپ کی پھیلی ہوئی
اس طرف دریا پہ بادل کا جھکاؤ دیکھنا
ہو کوئی رُت چھوڑ کر ان کو کہیں جاتے نہیں
کچھ پرندوں کا درختوں سے لگاؤ دیکھنا
اک ذرا سی دیر میں وہ بادباں کھلنے تو دے
یہ بھنور بھی پار کر جائے گی ناؤ دیکھنا
دیکھنا آنکھیں بہا کر لے نہ جائے ساتھ ہیں
چاندنی راتوں میں دریا کا بہاؤ دیکھنا
ٹیس اٹھتی ہے برابر، پر لہو رِستا نہیں
اس نظر نے اب کے بخشا ہے جو گھاؤ دیکھنا
ساحلوں پر فصل بونا اپنی مجبوری سہی
پھر بھی دریا پر نظر رکھنا، بہاؤ دیکھنا
آ چکے بکنے کو رزمی جب سرِ بازار تم
قدر و قیمت پوچھنا کیا، اپنا بھاؤ دیکھنا

خادم رزمی

No comments:

Post a Comment