Tuesday, 12 January 2021

ہے چھپا الہام میں ترسیل ہو جانے کا راز

 ہے چھپا الہام میں ترسیل ہو جانے کا راز

شعر میں پیدا کرو تفصیل ہو جانے کا راز

کھولنے والا ہی ہے اہلِِ نفس پر عنقریب

وہ اچانک صورِ اسرافیل ہو جانے کا راز

مجھ سے کرتی ہے گزارش داستانِ حسن و عشق

کھولیے مت قاتلِ قابیل ہو جانے کا راز

آپ ہی جیسے مسافر تو چھپاتے ہیں یہاں

راہ کی ٹھوکر سے سنگِ میل ہو جانے کا راز

جاننا تو چاہتی ہی ہے زمانے کی ہوا

میرے دل میں یوں تِرے قندیل ہو جانے کا راز

میرے شاعر پہ عیاں ہے میری مرضی کے خلاف

اے نگاہِ ناز تیرے جھیل ہو جانے کا راز

کھو رہا ہے زندگی کے بے خبر ماحول میں

دل کی خوشیاں رنج میں تبدیل ہو جانے کا راز

لشکرِ فرعون کی نسلوں پہ بھی واضح ہوا

خشک اس کے حکم پر اے نیل ہو جانے کا راز


مصداق اعظمی

No comments:

Post a Comment