Wednesday, 21 April 2021

رات بے خوابیوں کا سفر تیرے بن

 رات بے خوابیوں کا سفر تیرے بِن

دن ہے بے چینیوں کا نگر تیرے بن

قربتیں فاصلوں میں بدلتی رہیں

بد گمانی ہر اک موڑ پر تیرے بن

چاندنی میں سحر، حسن، ٹھنڈک نہ نور

عیب تھا اس کا ہر اک ہنر تیرے بن

خواب خانہ بدوشوں سے پھرتے رہے

نیند بھی ہو گئی در بہ در تیرے بن

میرے بالوں میں چاندی پروتے رہے

تیز رفتار شام و سحر تیرے بن

پھر تِرے لوٹنے کی خبر آئی تھی

ہم نہیں تھے کبھی بے خبر تیرے بن

آنکھیں جلتی ہیں میری دِیوں کی جگہ

شام سے گھر کی دہلیز پر تیرے بن

اب نہ ساون، نہ جھولے، نہ سکھیاں، نہ گیت

جیسے خاموش سارا نگر تیرے بن

چاندنی ڈھونڈھتی تھی تِرے نقش پا

رات، تاروں کی دہلیز پر تیرے بن


خواجہ ساجد

No comments:

Post a Comment