Monday, 12 April 2021

سمجھتے ہیں جو اپنے باپ کی جاگیر مٹی کو

 سمجھتے ہیں جو اپنے باپ کی جاگیر مٹی کو

بناؤں گا میں ان کے پاؤں کی زنجیر مٹی کو

ہوا سطحِ زمیں پر اب خطِ گلزار کھینچے گی

کہ خوش آتی نہیں ہے ابر کی تحریر مٹی کو

سیہ پڑ جائے گی ذروں کی رنگت ایک ہی پَل میں

اگر قسمت سے مل جائے مِری تقدیر مٹی کو

جلالی آئینہ اک آسماں پر مہرِ تاباں ہے

بنایا ہے زمیں پر صبر کی تصویر مٹی کو

بجائے خاک اڑتے ہیں ستارے میری آنکھوں میں

کہ ہو جاتی ہے ایسے کام میں تاخیر مٹی کو

اسے مسمار کرنے میں کوئی مشکل نہیں ہو گی

پسند آئی ہے شہرِ خواب کی تعمیر مٹی کو

بہت روندا گیا ہے خاک کو اور خاک زادوں کو

عطا کی جائے گی اب غیب سے توقیر مٹی کو

کمال اپنا دکھائے گا طلسمی آئینہ ساجد

کہ اب درکار ہے اک خواب کی تعبیر مٹی کو


غلام حسین ساجد

No comments:

Post a Comment