اک تھکن قوتِ اظہار میں آ جاتی ہے
وقت کے ساتھ کمی پیار میں آ جاتی ہے
بس کہیں چھور سمندر کا نظر آ جائے
کوئی طاقت مِری پتوار میں آ جاتی ہے
وہ گزرتا ہے تو کھُلتے ہیں دریچے گھر کے
اک چمک سی در و دیوار میں آ جاتی ہے
ٹُوٹے گُھنگھرو کی جو آواز ہوا کرتی ہے
وہ کھنک کیوں مِری گُفتار میں آ جاتی ہے
جب بھی آتا ہے مِرا نام تِرے ہونٹوں پر
خوشبوئے گُل مِرے اشعار میں آ جاتی ہے
ہر گھڑی اپنی تمناؤں سے لڑتے لڑتے
اک چمک چہرۂ خوددار میں آ جاتی ہے
جب غزل میر کی پڑھتا ہے پڑوسی میرا
اک نمی سی مِری دیوار میں آ جاتی ہے
اتل اجنبی
No comments:
Post a Comment