Monday, 5 April 2021

بہت سے لوگ ہیں مجھ سے خسارہ پوچھنے والے

 بہت سے لوگ ہیں مجھ سے خسارہ پوچھنے والے

تمہارا نام نہ لے کر تمہارا پوچھنے والے

تیرے ترکِ تعلق نے بہت سے لوگ چھینے ہیں

تیری نِسبت سے آتے تھے ہمارا پوچھنے والے

بتاؤ کیا کہوں اُن کو سبب کیا ہے جدائی کا؟

میرے در پر کھڑے ہیں وہ دوبارہ پوچھنے والے

تیرے ہونے سے دیواریں بھی مجھ کو تھام رکھتی تھیں

گِرانے کو کھڑے ہیں اب سہارا پوچھنے والے

یہ کھڑکی اب نہیں کھلتی مکیں جانے کہاں گم ہیں

قمر کو چاہنے والے، ستارہ پوچھنے والے

بتانا یہ بھی تھا ان کو بھنور ہے اس کنارے پر

سنا ہے مر گئے سارے کِنارہ پوچھنے والے

محبت ہو چکی ہم کو کوئی اِدراک ممکن ہے؟

کھڑے ہیں سب مساجد میں کفارہ پوچھنے والے

ضبط ہے انتہا مجھ میں مگر کتنا کروں آخر

کہیں سے لوٹ آئیں وہ خدارا پوچھنے والے


اشفاق صائم 

No comments:

Post a Comment