Wednesday, 21 April 2021

کسی سے کوئی نہ بولا فضا ہی ایسی تھی

 کسی سے کوئی نہ بولا فضا ہی ایسی تھی

نہ دل نے دل کو ٹٹولا فضا ہی ایسی تھی

زبانِ درد سے لے کر دہانِ زخم تلک

کوئی بھی کھُل کے نہ بولا فضا ہی ایسی تھی

سکوں کے درپئے آزار سب ہوئے، لیکن

جنوں سے کوئی نہ بولا فضا ہی ایسی تھی

ہوا چلی بھی تو ماحول کے رگ و پے میں

ہوا نے زہر ہی گھولا فضا ہی ایسی تھی

کہیں قریب مکانوں سے اُٹھ رہا تھا دھواں

دریچہ پھر بھی نہ کھولا فضا ہی ایسی تھی

برستی آنکھوں نے آنکھوں سے کچھ سوال کئے

کوئی بھی منہ سے نہ بولا فضا ہی ایسی تھی

رسائی ہو بھی گئی وقت کی عدالت تک

وہاں بھی کوئی نہ بولا فضا ہی ایسی تھی

عجب ستم ہے کہ میزان خیر و شر میں‌ حنیف

یقیں کو وہم میں تولا فضا ہی ایسی تھی


حنیف اسعدی

No comments:

Post a Comment