Sunday, 18 April 2021

کشید کی ہے اندھیروں سے روشنی میں نے

 کشید کی ہے اندھیروں سے روشنی میں نے

کچھ اس طرح سے گزاری ہے زندگی میں نے

تھی جس میں وسعتِ دریا وہ آنکھ یاد آئی

کسی کی آنکھ میں دیکھی ہے جب نمی میں نے

قدم قدم پہ مِری عمرِ اعتماد گھٹی

بڑھایا جب بھی کبھی دستِ دوستی میں نے

ہے دل ملول کہ غارت گرِ سکوں نکلی

فضول کی ہے تمنائے روشنی میں نے

غم جہاں نے مجھے ہر طرف سے گھیر لیا

کسی کو یاد کیا تھا ابھی ابھی میں نے

وہ، جس کا ہاتھ پہ رنگِ حنا سے نام لکھا

اسی کو بخش دی ہر عید کی خوشی میں نے

جہاں بھی تیرگئ فکر سامنے آئی

یقین و عزم کی  قندیل تھام لی میں نے


قندیل جعفری

No comments:

Post a Comment